نئی دہلی3اپریل (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا)کانگریس پارٹی نے فرضی خبر کے متعلق مرکزی حکومت کے یو ٹرن کو جمہوریت اور میڈیا کی جیت بتایا ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر رادھاکرشن پاٹل نے منگل کو کہا کہ مرکزی حکومت کا فرضی خبر پر گائیڈلائن جاری کرنے کے 24 گھنٹے کے اندر اندر اس کو واپس لینا جمہوریت اور میڈیا کی جیت ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ فرضی خبر پر گائیڈلائن کے ذریعے اطلاعات و نشریات کی وزارت نے میڈیا کی خود مختاری پر پابندی لگانے کی کوشش کی تھی۔ مہاراشٹر اسمبلی میں اپوزیشن کے لیڈر وکھے پاٹل نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ حکومت کو 24 گھنٹے کے اندر اپنے حکم کو واپس لینا پڑا۔پاٹل نے کہا کہ میں ان تمام صحافیوں کو مبارک بادپیش کرتا ہوں ، جنہوں نے متحد ہوکر فیصلے کی مخالفت کی ہے ۔ انہوں نے اس بارے میں ایک ٹویٹ بھی کیا جس میں انہوں نے لکھا کہ فرضی خبر کے نام پر حکومت نے میڈیا کی خود مختاری پر پابندی لگانے کی کوشش کی تھی، جو غلط تھا۔ غور طلب ہے کہ اطلاعات و نشریات کی وزارت نے پیر کو کہا تھا کہ اگر کوئی صحافی فرضی خبر لکھتا یا اس کی اشاعت کرتا ہے تو اس کی منظوری مستقل طور پر منسوخ کی جا سکتی ہے۔وزارت نے کہا تھا کہ ایک بار فرضی خبر کے تعین کے لئے شکایت درج کی جاسکتی ہے تو جس صحافی نے بھی اسے لکھا یا نشر کیا ہے اس کی منظوری منسوخ کر دی جائے گی ۔